اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویویان بالاکرشنن نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے تعلیمی و تحقیقی معیار کو سراہتے ہوئے سنگاپور کی جامعات اور نسٹ کے درمیان روبوٹکس، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو نسٹ کے دورے کے دوران کیا جہاں پاکستان اور سنگاپور کے درمیان تعلیمی و تحقیقی روابط مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نسٹ آمد پر ریکٹر ڈاکٹر زاہد لطیف اور پروریکٹر ڈاکٹر رضوان ریاض نے ان کا استقبال کیا۔ڈاکٹر ویویان بالاکرشنن نے کہا کہ مختصر عرصے میں نسٹ کی غیر معمولی ترقی متاثر کن ہے۔ انہوں نے جامع تعلیمی نظام، تحقیق اور جدت کے فروغ کے لئے جامعہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے سنگاپور کے اعلیٰ تعلیمی اداروں اور نسٹ کے مابین اشتراک کے نئے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے بالخصوص روبوٹکس، مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز میں مشترکہ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر ریکٹر نسٹ ڈاکٹر زاہد لطیف نے سنگاپور کے وزیر خارجہ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نسٹ سنگاپور کے تعلیمی اور تحقیقی اداروں کے ساتھ روابط کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے معزز مہمان کو جامعہ کے عالمی مقام، ادارہ جاتی صلاحیتوں اور تعلیمی و تحقیقی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ریکٹر نسٹ نے بتایا کہ جامعہ کے 45 محققین دنیا کے دو فیصد ممتاز ترین سائنس دانوں کی فہرست میں شامل ہیں جو نسٹ کے اساتذہ کی تحقیقی صلاحیتوں اور علمی معیار کا عکاس ہے۔اس موقع پر قومی مرکز برائے مصنوعی ذہانت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر یاسر ایاز نے وزیر خارجہ کو نسٹ کے مصنوعی ذہانت سے متعلق اقدامات اور پاکستان میں اس شعبے کے فروغ کے لئے مرکز کے کردار پر بریفنگ دی۔ بعد ازاں سنگاپور کے وزیر خارجہ اور ان کے وفد نے نسٹ کے قومی مرکز برائے مصنوعی ذہانت کے تجرباتی مرکز کا دورہ کیا جہاں انہیں مختلف منصوبوں کے بارے میں بتایا گیا۔ وزیر خارجہ نے نمائش کے لئے پیش کئے گئے منصوبوں کو سراہا جنہیں کامیابی سے تیار کرنے کے بعد عملی طور پر نافذ بھی کیا جا چکا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



