اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):پاکستان 23 سے 26 نومبر 2026 تک اسلام آباد میں انٹرنیشنل نیٹ ورک فار نیوکلیئر سکیورٹی ٹریننگ اینڈ سپورٹ سینٹرز (NSSC Network) کے 15ویں سالانہ اجلاس کی میزبانی کرے گا،اجلاس کا انعقاد عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔اتوار کو وزارت خارجہ کے ترجمان کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق چار روزہ اجلاس میں عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی اور نیوکلیئر سکیورٹی نیٹ ورک کے 49 رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔
اجلاس میں نیوکلیئر سکیورٹی کے شعبے میں تربیت اور معاونت کو مزید موثر بنانے، بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے اور تجربات کے تبادلے کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔پاکستان اس سے قبل 2016 میں بھی اس عالمی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کر چکا ہے۔ یہ اجلاس عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ویانا میں واقع ہیڈکوارٹرز سے باہر پہلی مرتبہ پاکستان میں منعقد ہوا تھا۔
اسلام آباد میں 15ویں سالانہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کے اس عزم کی عکاس ہے کہ وہ بین الاقوامی تعاون، معلومات و تجربات کے تبادلے اور پائیدار استعداد کار میں اضافے کے ذریعے نیوکلیئر سکیورٹی کے فروغ میں اپنا موثر کردار جاری رکھے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



