اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اقتصادی روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی استحکام، ڈھانچہ جاتی اصلاحات، سرمایہ کاری کے فروغ اور مالیاتی نظم و ضبط کے لیے دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔یہ بات انہوں نے پیرکویہاں بنگلہ دیش کے وزیراعظم کے مشیر برائے مالیات و منصوبہ بندی راشد المحمود تیتومیر کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی ۔وزیر خزانہ نے بنگلہ دیشی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اقتصادی روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینا اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے باہمی اقتصادی مفادات اور مشترکہ ترقیاتی ترجیحات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کے موقع کو سراہا، ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے عالمی معاشی صورتحال میں رونما ہونے والی تبدیلیوں، ترقی پذیر معیشتوں کو درپیش چیلنجز اور پائیدار و جامع ترقی کے حصول کے ساتھ معاشی استحکام برقرار رکھنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر معاشی اصلاحات، مالیاتی انتظام، سرمایہ کاری کے فروغ اور معیشت کی مشکلات برداشت کرنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے اقدامات بھی زیر بحث آئے۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کی جانب سے معاشی استحکام کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور مالیاتی نظم و ضبط بہتر بنانے، معاشی بنیادوں کو مستحکم کرنے اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے مقصد سے متعارف کرائی جانے والی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے تجربات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ طویل مدتی معاشی ترقی کے لیے محتاط قرضہ جاتی انتظام، مالیاتی شعبے کی ترقی اور اصلاحات کا تسلسل ضروری ہے۔بنگلہ دیش کے مشیر راشد المحمود تیتومیر نے ملک کی معاشی ترجیحات اور اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کیا، جن میں سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع کے فروغ کے لیے کوششیں شامل ہیں۔
فریقین نے مشترکہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے اور اپنے ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے تجربات اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے کی اہمیت سے اتفاق کیا، ملاقات میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور علاقائی روابط کو فروغ دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں ممالک نے مینوفیکچرنگ، ٹیکسٹائل اور باہمی اقتصادی مفادات کے دیگر شعبوں میں قریبی تعاون کی استعداد کو تسلیم کرتے ہوئے نجی شعبوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر خزانہ نے بالخصوص پبلک فنانشل مینجمنٹ اور قرضہ جاتی انتظام کے شعبوں میں ادارہ جاتی روابط بڑھانے کی تجویز کا خیرمقدم کیا اور اس ضمن میں پاکستان کی جانب سے اپنے تجربات کے تبادلے اور دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان تکنیکی سطح پر روابط اور تبادلے میں سہولت فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی، فریقین نے باقاعدہ مذاکرات جاری رکھنے اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تجربات اور مہارت کے تبادلے کے ذریعے دوطرفہ اقتصادی تعاون مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بنگلہ دیشی وفد میں پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان اور ڈپٹی ہائی کمشنر فضل لوہانی بابو بھی شامل تھے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



