اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے انسٹی ٹیوٹ آف پروفیشنل ڈویلپمنٹ نے پیراماؤنٹ بکس کے اشتراک سے ملک بھر میں قائم اسلامی یونیورسٹی کے سکولوں کے ریاضی کے اساتذہ کی پیشہ وارانہ تربیت کے لئے ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ ورکشاپ علامہ اقبال آڈیٹوریم، فیصل مسجد کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوئی ،جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے اساتذہ نے بالمشافہ شرکت کی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں سے اساتذہ نے آن لائن شرکت کی۔
اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد عامر خان نے شرکاء کو ادارے کے کردار اور اسلامی یونیورسٹی کے سکولوں کے نظام سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اسلامی یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کے وژن پر بھی روشنی ڈالی جس کا مقصد اسلامی اقدار کے مطابق معیاری تعلیم، علمی برتری، کردار سازی اور اخلاقی تربیت کو فروغ دینے کے ساتھ جدید تدریسی طریقوں کو اپنانا ہے۔
ماسٹر ٹرینر خالد محمود اعوان اور جویریہ نے تربیتی نشستوں کا انعقاد کیا اور ریاضی کی تدریس کو مؤثر بنانے کے لئے جدید تدریسی طریقوں اور عملی حکمت عملیوں سے آگاہ کیا۔ ورکشاپ میں شریک ڈائریکٹرز، پرنسپلز اور اساتذہ نے تربیتی پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں تدریسی صلاحیتوں میں بہتری اور اسلامی یونیورسٹی کے سکولوں میں ریاضی کی تعلیم کے معیار کو بلند کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



