اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے گلگت بلتستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر علاقے کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ڈوگرہ راج سے آزادی اور پاکستان سے الحاق کے تاریخی فیصلے کو قومی تاریخ کا ایک قابلِ فخر باب قرار دیا ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کی لازوال قربانیوں، بہادری، حب الوطنی اور پاکستان سے غیر متزلزل وابستگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور قومی یکجہتی کے لئے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی پاکستان کی مجموعی ترقی اور خوشحالی سے گہرا تعلق رکھتی ہے، بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت، سیاحت، توانائی اور روزگار کے مواقع میں بہتری خطے کی پائیدار ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل، سیاحتی امکانات اور انسانی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے خطے میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کئے جائیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنی تاریخی روایات، قومی جذبے اور پاکستان سے والہانہ محبت کے ساتھ ایک مضبوط، متحد، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



