اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے اس دور میں نظامِ انصاف کو جدید خطوط پر استوار کرنا ناگزیر ہو چکا ہے تاہم انصاف کے شعبے میں اے آئی کا ذمہ دارانہ، محفوظ اور قابلِ اعتماد استعمال ہی شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور فوری انصاف کی فراہمی کی ضمانت بن سکتا ہے۔وزارت قانون و انصاف کے انٹرنیشنل میڈیشن اینڈ آربیٹریشن سینٹر کے زیر اہتمام کامسٹیک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقدہ بین الاقوامی تربیتی پروگرام کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیکنالوجی اب کسی ایک شعبے تک محدود نہیں رہی بلکہ انسانی زندگی کے ہر پہلو بشمول ہیلتھ ٹیک، فن ٹیک اور ایڈ ٹیک کی طرح قانونی نظام (لیگل ٹیک) کا لازمی حصہ بن چکی ہے۔
وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے واضح کیا کہ مصنوعی ذہانت کو صرف بڑی لینگویج ماڈلز کے سپرد نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ان میں غلط معلومات کا خدشہ رہتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قانونی نظام میں ’’ہیومن ان دی لوپ‘‘ (انسانی نگرانی) کو برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی شعبے کے لئے اے آئی ماڈلز کو صرف مستند عدالتی فیصلوں، قوانین اور متعلقہ ڈیٹا پر ہی تربیت دی جانی چاہئے اور سائبر سکیورٹی اور ڈیٹا پرائیویسی کے بنیادی تقاضوں کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق حکومت ڈیجیٹل پاکستان کے وژن پر تیزی سے عمل پیرا ہے، قومی مصنوعی ذہانت پالیسی منظور ہو چکی ہے جبکہ ’’ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایک‘‘ کے تحت پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی قائم کی گئی ہے۔
وزارتِ قانون کے تعاون سے روایتی اور پی ڈی ایف دستاویزات کو مشین ریڈ ایبل قانون سازی میں تبدیل کرنے کے معیارات جاری کئے جا چکے ہیں تاکہ اے آئی کے لئے مستند ڈیٹا میسر آ سکے۔وفاقی وزیر نے آگاہ کیا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان اور لا ء اینڈ جسٹس کمیشن کے ساتھ اشتراک سے دفاتر کو ای آفس کے ذریعے پیپر لیس بنا دیا گیا ہے اور جدید کیس مینجمنٹ سسٹم صوبائی عدالتوں کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زیر التوا مقدمات کے بوجھ کو کم کرنے اور شہریوں کو دہلیز پر شفاف و تیز ترین انصاف فراہم کرنے کے لئے متبادل تنازعاتی حل (اے ڈی آر) اور جدید ٹیکنالوجی کا امتزاج وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے یونیسکو کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے 45 فیصد ممالک نظامِ انصاف میں اے آئی کا استعمال تو کر رہے ہیں لیکن صرف 9 فیصد ممالک کے پاس اس سے متعلق ضوابط اور گائیڈ لائنز موجود ہیں جبکہ پاکستان میں نیشنل جوڈیشل پالیسی کمیٹی نے عدلیہ میں اے آئی کے استعمال سے متعلق قومی رہنما خطوط جاری کر کے ایک اہم پیشرفت کی ہے۔ انہوں نے قانونی ماہرین اور آئی ٹی پیشہ ور افراد کی مشترکہ صلاحیت سازی پر زور دیا تاکہ عالمی سطح پر ایک قابل اعتماد اور باہم مربوط عدالتی نظام قائم کیا جا سکے۔تقریب میں بین الاقوامی مندوبین، وزارت قانون کے حکام، لیگل و آئی ٹی فیکلٹی اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



