لاہور۔1نومبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے جنوبی ایشیا کو درپیش موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بڑے پیمانے پر نقل مکانی کے بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے بروقت علاقائی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں یہ خطرہ خاص طور پر سنگین ہے، جہاں علاقائی تعاون کا فقدان موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔
افتخار علی ملک نے کہا کہ موسمیاتی پیش گوئی، آفات سے نمٹنے کے انتظامات اور متاثرہ آبادی کی نقل مکانی کے حوالے سے علاقائی تعاون ممالک کو مشترکہ چیلنجوں کا بروقت اندازہ لگانے میں مدد دے سکتا ہے۔ اصل چیلنج یہ یقینی بنانا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونے والے افراد اپنی زندگیوں کو دوبارہ مستحکم کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آبادی کی نقل مکانی کو ترقیاتی منصوبہ بندی میں مستقل اہمیت دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ڈوبتے ہوئے ساحلی علاقوں سے لے کر پاکستان کے خشک سالی سے متاثرہ اضلاع تک، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات لاکھوں افراد کے روزگار اور ذریعہ معاش کے لیے خطرہ بن رہے ہیں۔بین الاقوامی ادارہ برائے نقل مکانی کے حوالے سے افتخار علی ملک نے کہا کہ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں 2050 تک تقریبا چار کروڑ پانچ لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہو سکتے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث جنوبی ایشیا کے بعض علاقے انسانی رہائش کے لیے مزید ناموزوں ہوتے جا رہے ہیں، جس سے خطے کو بڑے پیمانے پر آبادی کی نقل مکانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس انتباہ کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے، کیونکہ جنوبی ایشیا پہلے ہی غربت، شہروں میں گنجان آبادی، بے روزگاری اور محدود وسائل کے حصول کے لیے بڑھتے ہوئے دبا جیسے مسائل سے دوچار ہے۔ موسمیاتی نقل مکانی ان چیلنجوں میں مزید اضافہ کر سکتی ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



