کوئٹہ۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے) کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کوئٹہ ،لورالائی اور حب میں ناقص اور غیرمعیاری خوراک کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے17خوراکی مراکز پر جرمانے اور 15کو نوٹسز جاری کردئیے۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق بدھ کو بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں ناقص اور غیر معیاری خوراک کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ایک مصالحہ پروسیسنگ یونٹ، 2 بیکنگ یونٹس اور ایک ریسٹورنٹ سمیت مجموعی طور پر متعدد فوڈ بزنسز کو جرمانے کیے جبکہ 9 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کردیئے گئے۔بی ایف اے کی ملک سیفٹی ٹیم نے کوئٹہ کے مٹھا چوک، بنگلزئی اسٹاپ مشرقی بائی پاس اور پودگلی چوک میں مختلف ملک شاپس کا معائنہ کیا۔
کارروائی کے دوران دودھ کے نمونے موقع پر چیک کیے گئے، جن میں سکمڈ ملک پاڈر اور پانی کی وافر مقدار کی آمیزش پر 6 دودھ فروشوں کو جرمانے کیے گئے جبکہ معمولی نوعیت کی خلاف ورزیوں پر 9 ملک شاپس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔بی ایف اے کے مطابق کوئٹہ میں ایک مصالحہ پروسیسنگ یونٹ، ایک بیکنگ یونٹ اور ایک ریسٹورنٹ کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ مذکورہ یونٹس میں ناقص صفائی، ورکرز کی جانب سے ماسک، ہیڈ کور اور دستانے استعمال نہ کرنے، کھلے کوڑے دان، اشیا پر تیاری اور تنسیخ کی تاریخ درج نہ ہونے اور ممنوعہ چائنیز نمک کے استعمال سمیت مختلف خلاف ورزیاں پائی گئیں۔
کارروائی کے دوران مصالحہ پروسیسنگ یونٹ میں گندی گرائنڈنگ مشین اور حفظان صحت کے ناقص انتظامات، جبکہ بیکنگ یونٹ میں بیکری مصنوعات کو مناسب طریقے سے نہ ڈھانپنے، ناقص ریفریجریشن، حشرات کی موجودگی اور مصنوعات کی نامناسب اسٹوریج پر ایکشن لیا گیا۔بی ایف اے کے مطابق گوشت اور مصالحہ لگی مرغی کو پلاسٹک کے تھیلوں میں رکھنے، اشیا کی پیکنگ کے لیے کیمیکل پرنٹڈ پیپر اور اخبارات کے استعمال اور مضر صحت رنگوں کی آمیزش پر بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔دوسری جانب بی ایف اے کی لورالائی زون فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر کی سربراہی میں کٹھوائی موڑ اور کوئٹہ روڈ پر مختلف فوڈ بزنسز کا معائنہ کیا۔
مجموعی طور پر 18 فوڈ یونٹس چیک کیے گئے، جن میں سے 7 کو جرمانے اور 6 کو بہتری کے نوٹسز جاری کیے گئے۔لورالائی میں جنرل اسٹورز سے زائدالمیعاد مصالحہ جات، ممنوعہ چائنیز نمک اور گٹکا برآمد ہونے، ناقص اسٹوریج اور دیگر خلاف ورزیوں پر کارروائی کی گئی۔ بیکری، گوشت، سبزی و فروٹ اور دودھ کی دکانوں میں ناقص صفائی، ذاتی حفظانِ صحت کے اصولوں کی عدم پابندی، گندے برتن، مکھیوں کی موجودگی، اشیا کو ڈھانپ کر نہ رکھنے اور بی ایف اے لائسنس نہ ہونے پر بھی جرمانے کیے گئے۔ادھر حب سٹی میں بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیم نے مختلف دودھ سپلائرز اور ملک شاپس کا اچانک معائنہ کیا اور 16 دودھ کے نمونے چیک کیے، جن کے نتائج تسلی بخش پائے گئے۔
کارروائی کے دوران ایک بیکری یونٹ کو مینوفیکچرنگ تاریخ درج نہ کرنے پر جرمانہ کیا گیا، جبکہ دودھ یونٹس کو بہتری کے نوٹسز جاری کرتے ہوئے فوڈ بزنس لائسنس کے حصول اور بی ایف اے کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔بی ایف اے حکام نے کہا ہے کہ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں فوڈ سیفٹی انسپیکشنز اور خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



