سرگودھا ۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):سرگودہا یونیورسٹی نے طلبہ کو سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے شٹل سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ۔ اس حوالے سے ٹرانسپورٹ آفیسر سرگودہا یونیورسٹی سید تنویر حسین نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات کی ہدایت پر شروع کی جانے والی شٹل سروس سے یونیورسٹی کے طلبہ کو آمدورفت کی سہولت میسر آئے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ شٹل سروس کا رُوٹ سرگودھا سٹیڈیم سے جامع گرلز سکول، رحمان پلازہ اور وہاں سے ہوتا ہوا یونیورسٹی گیٹ نمبر 2 تک مقرر کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کی سہولت اور یونیورسٹی کے اوقات کو مدِنظر رکھتے ہوئے شٹل سروس صبح کے اوقات میں دو شفٹوں میں چلائی جائے گی۔ پہلی شفٹ کی بس صبح7بج کر15منٹ جبکہ دوسری شفٹ کی بس صبح 7 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کےساتھ ساتھ اُن کی روزمرہ ضروریات کو مدِنظر رکھنا وائس چانسلر کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اسی سلسلے میں سفری سہولت کی فراہمی کے لیے شٹل سروس کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو یونیورسٹی پہنچنے میں آسانی ہو اور وہ اپنے تعلیمی امور پر زیادہ توجہ دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کوبہترتعلیمی ماحول فراہم کرنےکے لیے تعلیمی، انتظامی اور سفری سہولیات میں بہتری کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور طلبہ کی ضروریات اور دستیاب وسائل کو مدِنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں سفری سہولت کو مزید موثر بنانے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ شٹل سروس کےآغازپرطلبہ اور والدین نے یونیورسٹی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا ہے۔
طلبہ نے شٹل سروس کے آغاز کو یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کی ضروریات کو ترجیح دینے اور ان کے لیے سہولیات میں اضافے کی عملی مثال قرار دیاہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



