فیصل آباد۔ 21 نومبر (اے پی پی):ڈائریکٹر زراعت (توسیع) فیصل آباد چوہدری خالد محمونے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر حکومت پنجاب نے یوریا کھاد کی بلیک مارکیٹنگ، ذخیرہ اندوزی اور مقررہ نرخوں سے زائد قیمتوں پر فروخت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد شروع کر رکھا ہے۔ کھاد کی مصنوعی قلت پیدا کرنے اور کسانوں کو ناجائز منافع خوری کے ذریعے لوٹنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یوریا کھاد کے وافر ذخائر موجود ہیں اس لیے کسی بھی ڈیلر یا دکاندار کو کھاد کی بلیک مارکیٹنگ، ذخیرہ اندوزی یا اوور پرائسنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کو بھاری جرمانوں اور قانونی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ ملوث دکانداروں کی دکانیں سیل، ڈیلرشپ منسوخ اور متعلقہ کمپنیوں سے کھاد کی سپلائی بھی بند کروائی جا سکتی ہے۔چوہدری خالد محمود نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ یوریا کھاد مقررہ سرکاری نرخوں پر خریدیں اور اگر کسی ڈیلر یا دکاندار کی جانب سے زائد قیمت وصول کرنے، بلیک مارکیٹنگ یا کھاد کی غیرقانونی ذخیرہ اندوزی کا کوئی واقعہ سامنے آئے تو فوری طور پر متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفتر میں شکایت درج کروائیں یا محکمہ زراعت پنجاب کی ہیلپ لائن 0800-17000 پر اطلاع دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شکایت کنندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا تاکہ کسان بلاخوف و خطر اپنی شکایات درج کروا سکیں۔ محکمہ زراعت کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ، کھاد کی مقررہ نرخوں پر دستیابی اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



