اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے پیر کے روز ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں سوئی گیس کنکشن ٹی بی ایس کا افتتاح کیا۔ وزارت سے جاری بیان کے مطابق افتتاحی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ سوئی گیس کنکشن کی فراہمی سے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے لانڈری سیکشن، پریسنگ اور دیگر ضروری امور میں خاطر خواہ سہولت میسر آئے گی۔
اس اقدام سے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید موثر بنانے اور مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔افتتاح کے بعد وفاقی وزیر نے ہسپتال کے لانڈری سیکشن کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر اور ایم ایس ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال نے انہیں لانڈری کے انتظامات، کپڑوں کی صفائی، پریسنگ اور دیگر متعلقہ امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ ہسپتال جیسے اہم عوامی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی براہ راست مریضوں کی بہتر دیکھ بھال اور خدمات کے معیار سے منسلک ہے۔
سوئی گیس کی اس سہولت سے لانڈری کے نظام کو مزید موثر بنانے، کپڑوں کی بروقت صفائی و پریسنگ اور حفظان صحت کے بہتر معیار کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت سمیت بنیادی سہولیات کی بہتر اور بروقت فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور ساہیوال کے عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



