حیدرآباد۔ 22 نومبر (اے پی پی):سندھ پنک گیمز 2026 میں ضلع سانگھڑ کی نمائندگی کے لیے ٹنڈو آدم میں مختلف کھیلوں کے خواتین کھلاڑیوں کے ٹرائلز منعقد کیے گئے، جن میں 800 سےزیادہ طالبات اور خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی اور اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ واضح رہے کہ سندھ پنک گیمز 2026 کے مقابلے 27 سے 29 نومبر تک شہید بینظیرآباد میں منعقد ہوں گے۔ اس سلسلے میں ٹنڈو آدم میں منعقدہ ٹرائلز کے دوران مختلف کھیلوں میں حصہ لینے والی کھلاڑیوں کی کارکردگی اور مہارت کا جائزہ لیا گیا تاکہ ضلع سانگھڑ کی نمائندگی کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جاسکے۔ ٹرائلز کے موقع پر ذوالفقار ملک، پروفیسر منیر خالد
، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر شہید بینظیرآباد عبدالرحیم راجپوت، زبیر دائما، پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے سیکریٹری فیصل اسد اور چیئرمین ایتھلیٹس زبیر کمہار نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سانگھڑ شہباز خان عباسی، سیکریٹری ڈسٹرکٹ اولمپک کمیٹی محمد شہباز باجوا، سیکریٹری ایتھلیٹکس انور بہن، ذوہیب الحسن، شکیلہ بلوچ، عمیر بھٹی، سرور کمانڈو، رانا محمد واجد، شاہد رانا، عبداللہ ندیم اور اسماعیل سمیت مختلف کھیلوں کے آفیشلز اور ٹیکنیکل ماہرین پر مشتمل سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔
ٹرائلز میں شریک طالبات اور خواتین کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ منتظمین کا کہنا تھا کہ ان ٹرائلز کا مقصد ضلع سانگھڑ سے بہترین ٹیلنٹ سامنے لانا اور خواتین کھلاڑیوں کو صوبائی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین میں کھیلوں کے فروغ اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



