ایبٹ آباد۔ 05 اکتوبر (اے پی پی):ایبٹ آباد میں عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر ’’سلام استاد‘‘ مہم کے تحت گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 3 میں تقریب منعقد ہوئی ،جس میں ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ طلبہ نے مختلف معاشرتی موضوعات پر ٹیبلو اور خاکے پیش کیے۔ڈپٹی کمشنر نے سکول کے انسٹرکٹر فزیکل ایجوکیشن محمد آصف کو بہترین کارکردگی پر اعزازی سرٹیفکیٹ اور شیلڈ پیش کی جبکہ طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعامات بھی دیے۔اس موقع پر اے ڈی او عامر اللہ آفریدی،پرنسپل انور زمان،سینئر اساتذہ اور طلبہ بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرمد سلیم اکرم نے کہا کہ اساتذہ نئی نسل کی تعلیم،تربیت اور کردار سازی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں ،اس لیے ان کی خدمات کا اعتراف اور احترام ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی،مصنوعی ذہانت اور تحقیق کے ذرائع سے روشناس کرانا وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت،مستقل مزاجی،مطالعہ اور تحقیق کو اپنا شعار بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تعلیمی اداروں میں بہتر ماحول،طلبہ کی حوصلہ افزائی اور اساتذہ کے وقار کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



