اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس(پی این سی اے )قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن، ڈولفن کمیونیکیشن کے باہمی اشتراک سے عظیم صوفی شاعر، دانشور اور موسیقار حضرت امیر خسروؔ کی حیات و خدمات پر مبنی تھیٹر ڈرامہ "امیر خسروؔ – خسروِ شیریں سخن، طوطیِ ہند” پیش کر رہا ہے۔ترجمان پی این سی اے کے مطابق یہ ڈرامہ برصغیر کی تہذیبی و ادبی تاریخ کے درخشاں باب، اردو زبان و قوالی کے بانی حضرت امیر خسروؔ کو خراجِ عقیدت ہے۔
اس کو ارشد چہال نے تحریر کیا ہے اورایگزیکٹو ڈائریکٹر و پروڈیوسر عاصمہ اسماعیل بٹ جبکہ ڈائریکٹر وقار عظیم ہیں۔ڈرامہ پیر، 5 اکتوبر کو شام 7:00 بجے پی این سی اے، ایف-5/1، اسلام آباد کے آڈیٹوریم میں پیش کیا جائے گا۔تمام اہلِ ذوق، ادبی و ثقافتی حلقوں اور معزز میڈیا نمائندگان کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
ڈرامہ کی ریہرسل روزانہ کی جارھی ہے۔پی این سی اے آرٹ و ثقافت کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات کررہا ہے۔تھیٹر کے فروغ کے لئے بھی پرفارمنگ آرٹ ڈویژن اپنا کام کررہا ہے۔تھیٹر میں نہ صرف نامور آرٹسٹوں کے ڈرامے پیش کئے جاتے ہیں بلکہ یہاں نوجوان ایمیچور آرٹسٹوں کو بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔تھیٹر بھی اب پی این سی اے کی معمول کی سرگرمیوں کا حصہ بن گیا ہے۔حال ہی میں یہاں نوجوان آرٹسٹوں نے تھیٹر پلے مقدمہ پیش کیا جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا تھاجبکہ ایک پلے چار دیواری بھی شیڈول ہے جو 8 اکتوبر کو پیش کیا جائے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)


