اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):ویمن پارلیمانی کاکس کی سیکرٹری شاہدہ رحمانی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کا ویمن پارلیمانی کاکس چھاتی کے سرطان کے آگاہی مہینہ کی مناسبت سے آگاہی بڑھانے، روک تھام اور مرض کی بروقت تشخیص کو فروغ دینے اور پاکستان بھر کی خواتین کے لئے قابل رسائی اور معیاری صحت کی دیکھ بھال کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
جمعرات کو قومی اسمبلی کی طرف سے اکتوبر 2026 کے بریسٹ کینسر آگاہی مہینے کے آغاز پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ جیسا کہ ہم بریسٹ کینسر آگاہی مہینے کا آغاز کر رہے ہیں قومی اسمبلی کا ویمن پارلیمانی کاکس آگاہی بڑھانے، روک تھام اور جلد پتہ لگانے کو فروغ دینے اور پاکستان بھر کی خواتین کے لئے قابل رسائی اور معیاری صحت کی دیکھ بھال کی وکالت کرنے کے اپنے عزم کی دوبارہ تصدیق کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر خواتین کو متاثر کرنے والے اہم ترین صحت کے چیلنجز میں سے ایک ہے تاہم زیادہ آگاہی، بروقت سکریننگ، جلد تشخیص اور مناسب علاج کے ساتھ بہت سی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔
شاہدہ رحمانی نے کہا کہ ہر عورت کو درست معلومات، بروقت طبی مشاورت، سکریننگ کی سہولیات اور سستا علاج دستیاب ہونا چاہئے، چاہے وہ کہیں بھی رہتی ہو یا اس کے سماجی و اقتصادی حالات کچھ بھی ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہ مہینہ نہ صرف آگاہی پھیلانے کا موقع ہے بلکہ خواتین کو اپنی صحت کو سنجیدگی سے لینے کی ترغیب دینے کا بھی ہے کیونکہ آگاہی جلد کارروائی کی طرف لے جا سکتی ہے اور جلد کارروائی سے جانیں بچا سکتی ہیں، ہم خواتین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے جسم میں ہونے والی تبدیلیوں پر توجہ دیں اور جب انہیں کوئی تشویش ہو تو فوری طور پر طبی مشورہ لیں۔
خاندانوں اور کمیونٹیز کا بھی اہم کردار ہے کہ وہ ایسا ماحول بنائیں جہاں خواتین اپنی صحت کے بارے میں کھلے عام بات کر سکیں اور خوف یا وصمت کے بغیر علاج حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ تسلیم کرتے ہیں کہ بریسٹ کینسر سے نمٹنے کے لئے ایک جامع نقطہ نظر درکار ہے،آگاہی اور روک تھام سے لے کر سکریننگ، تشخیص، علاج، بحالی اور نفسیاتی معاونت تک۔ اس کے لئے پارلیمنٹ، سرکاری اداروں، صحت کے فراہم کنندگان، سول سوسائٹی اور ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور پارلیمنٹیرینز ہماری ذمہ داری ہے کہ خواتین کی صحت کو پالیسی اور قانون سازی کے ایجنڈے پر مضبوطی سے رکھیں،کاکس ان اقدامات کی حمایت کرتا رہے گا جو خواتین کی صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو مضبوط بناتے ہیں، ثبوت پر مبنی پالیسیوں کو فروغ دیتے ہیں اور خواتین خاص طور پر پسماندہ اور دور دراز علاقوں کی خواتین کے صحت کے نتائج کو بہتر بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس بریسٹ کینسر آگاہی مہینے پر میں پاکستان بھر کی خواتین، خاندانوں، صحت کے پیشہ ور افراد، اداروں اور کمیونٹیز سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ اس کوشش میں شامل ہوں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)


