اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت جیم سٹون کے مرکز کے قیام سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں قیمتی پتھروں کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے،مقامی سطح پر پراسیسنگ کی صلاحیت اور برآمدات میں اضافے کے حوالے سے مختلف امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، ایڈیشنل سیکرٹری حمیرا ضیا مفتی اور جوائنٹ سیکرٹری فریڈون اکرم شیخ نے شرکت کی ۔ وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق اجلاس کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جدید ترین جیم سٹون کے مرکز، پراسیسنگ اور نمائش کی سہولیات کے قیام کا جائزہ لیا گیا۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق جیم سٹون کے لیے عالمی معیار کا جدید مرکز قائم کیا جائے گا، اس شعبےمیں اربوں ڈالر کی معاشی ترقی اور برآمدات بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کان کنی اور پراسیسنگ کے مراحل میں قیمتی پتھروں کا بڑا حصہ ضائع ہو جاتا ہے جسے روکنے اور شعبے کی ترقی کے لیے جیم سٹونز پالیسی تشکیل دے کر اس پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال سے قیمتی پتھروں کی قدر میں اضافہ اور اربوں ڈالر کے ممکنہ نقصانات سے بچاؤ ممکن ہے، قیمتی پتھروں کے شعبے کو جدید پراسیسنگ، تراش خراش اور نمائش کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قیمتی پتھروں کے شعبے کو ضروری سہولیات فراہم کر کے اسے جدید خطوط پر استوار کرے گی، قیمتی پتھروں کی مقامی سطح پر پراسیسنگ سے ان کی قدر میں اضافہ، برآمدات میں بہتری اور ملکی معیشت کو تقویت ملے گی
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



