میڈرڈ۔4اکتوبر (اے پی پی):عالمی چیمپئن سپین نے یوئیفا نیشنز لیگ میں اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے اوویڈو میں کھیلے گئے میچ میں جمہوریہ چیک کو 1-3 گول سے شکست دے دی۔
شنہوا کے مطابق یوئیفا نیشنز لیگ کے اوویڈو ، سپین میں کھیلے گئے میچ میں سپین اور جمہوریہ چیک کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں میزبان سپین کی جانب سے 5 ویں منٹ میں لامائن یامال نے خوبصورت گول کر کے ٹیم کو جمہوریہ چیک کے خلاف برتری دلائی، جس کے بعد 35 ویں منٹ میں روڈریگو ہرنینڈز نے دوسرا گول کر کے برتری 0-2 کر دی۔
میچ کے دوسرے ہاف میں جمہوریہ چیک کے جیری سلاما نے گول کر کے سکور 1-2 کیا، تاہم 85 ویں منٹ میں لادیسلاو کریچی کے ریڈ کارڈ کے باعث میدان سے باہر جانے کے بعد جمہوریہ چیک ٹیم 10 کھلاڑیوں تک محدود ہو گئی۔میچ کے آخری منٹ میں مائیکل میرینو نے سپین کے لیے تیسرا گول کر کے فتح یقینی بنا دی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی سپین نے لیگ میں اپنی تمام میچز جیتنے کی روایت برقرار رکھی ہے۔
اس میچ میں سپین کے ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فوینٹے نے گزشتہ میچ کے مقابلے میں ٹیم میں 9 تبدیلیاں کی تھیں، جس میں ایوان فریسنیڈا اور روبرٹو فرنینڈز نے اپنا ڈبیو کیا جبکہ گول کیپر ڈیوڈ رایا بھی پلئینگ الیون کا حصہ تھے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



