سڈنی۔4اکتوبر (اے پی پی):نیشنل رگبی لیگ ویمنز (این آر ایل ڈبلیو) کے فائنل میں روسٹرز ویمنز رگبی ٹیم نے برونکوز کی خواتین رگبی ٹیم کو 6-30 سے شکست دے کر گزشتہ سال کی ناکامی کا حساب برابر کرتے ہوئے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ سڈنی مارننگ ہیرالڈ کے مطابق گزشتہ سال فائنل میں برونکوز ویمنز رگبی ٹیم کے ہاتھوں شکست کھانے والی ناقابلِ شکست روسٹرز کی ویمنز رگبی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل کی تاریخ کی سب سے بڑی فتح کے ریکارڈ کو برابر کر دیا۔ روسٹرز ویمنز رگبی ٹیم کی جانب سے برائیڈی پارکر نے شاندار ہیٹ ٹرک سکور کی جبکہ ایمبر ہال نے بھی زبردست ٹرائی حاصل کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
روسٹرز ویمنز رگبی ٹیم کی پلی میکر تارین ایکن اور جوہسلین کیلیہر کی بہترین کارکردگی کی بدولت ٹیم نے ابتدائی ہاف میں ہی میچ پر مکمل گرفت مضبوط کر لی تھی۔ برونکوز کی ویمنز رگبی ٹیم کو اس میچ میں 60 فیصد کمپیلیشن ریٹ کا سامنا کرنا پڑا اور ان کے پاس بال کا کنٹرول بھی روسٹرز کے مقابلے میں 10 منٹ کم رہا۔
یہ میچ برونکوز کی سینئر کھلاڑی اور آسٹریلوی کپتان علی بریگن شا کے کیریئر کا آخری میچ تھا، جو 4 این آر ایل ڈبلیو ٹائٹلز اپنے نام کرنے کے بعد ریٹائر ہو گئی ہیں۔ وہ 2018، 2019، 2020 اور 2025 میں این آر ایل وی کی فاتح ٹیم کا حصہ رہتے ہوئے 4 مرتبہ چیمپئن بنیں۔دوسری جانب روسٹرز ویمنز رگبی ٹیم نے اس فتح کو اپنی ریٹائر ہونے والی سٹارز کوربن بیکسٹر اور ملی ایلیٹ کے نام کیا۔ برونکوز ویمنز رگبی ٹیم نے 2019 کے فائنل میں ڈریگنز ویمنز رگبی ٹیم کو 6-30 سے شکست دے کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



