اسلام آباد۔یکم اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے نائیجیریا کے ساتھ پاکستان کے پرجوش اور دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے موجودہ روابط آنے والے برسوں میں مزید گہرے اور وسیع تر ہوں گے۔ انہوں نے یہ بات نائیجیریا کے یوم آزادی پر وفاقی جمہوریہ نائیجیریا کے صدر بولا احمد تینوبو کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں کہی۔
ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نائیجیریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انھوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ قریبی تعاون دونوں ممالک کے عوام کے مشترکہ مفادات کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔صدر مملکت نے وفاقی جمہوریہ نائیجیریا میں مسلسل امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)


