اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کےعلاقے عیدک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 7خوارج جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف منظم کارروائیاں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور ہمارے قومی عزم کی عکاس ہیں،سکیورٹی فورسز نے کارروائی میں فتنہ الخوارج دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا جو لائق تحسین ہے۔
پی ایم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی شاندار کارگردگی ملکی امن و سلامتی کی ضامن ہے،فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ تمام دہشت گرد عناصر کے خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی،پوری قوم اپنی بہادرمسلح افواج پر فخر کرتی ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)


