لندن ۔1اکتوبر (اے پی پی):برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے برطانوی وزیرِ مملکت برائے مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان و پاکستان، اسٹیفن ڈائوٹی (ایم پی) سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔جمعرات کو پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل اور دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت کو اجاگر کیا گیا،دونوں جانب سے خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے پاکستان اور برطانیہ کے مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے مسلسل اسٹریٹجک روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات کے بعد ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے کہا کہ برطانوي وزیر اسٹیفن ڈائوٹی سے خوشگوار ملاقات ہوئی ،ملاقات میں خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے دوطرفہ اسٹریٹجک روابط کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔برطانوی وزیرِ مملکت اسٹیفن ڈائوٹی نے بھی ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعاون کے وسیع دائرہ کار کو اجاگر کیا۔
برطانوی وزیرِ مملکت نے ایکس پلیٹ فارم پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان سے ملاقات بہت اچھی رہی۔ دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، سکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے اور مائيگریشن سے متعلق مشترکہ چیلنجز پر مل کر کام کر رہے ہیں، برطانیہ اور پاکستان مضبوط شراکت دار ہیں،دونوں جانب سے موجودہ دوطرفہ تعلقات میں پیدا ہونے والے مثبت روابط کے تسلسل کو مزید آگے بڑھانے اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



