اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے سابق گورنر خیبر پختونخوا شوکت اللہ خان کی قیادت میں قبائلی عمائدین کے جرگے نے جمعرات کو اسلام آباد میں ملاقات کی،عمائدین نے خیبر پختونخوا حکومت اور وفاق کے درمیان سیاسی تنائو اور کشیدگی کم کرنے کی پیشکش کی۔
یہاں جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے جرگے کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایسے ہر اقدام کی حمایت کرے گی جو خیبر پختونخوا کے عوام کے مفاد میں ہو،جرگے کی سفارشات اور تجاویز سے قیادت کو آگاہ کیا جائے گا۔قبائلی عمائدین نے وفاقی وزیر کا جرگے کی تجاویز کا خیرمقدم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
قبائلی جرگے نے خیبر پختونخوا حکومت اور وفاق کے درمیان سیاسی کشیدگی کم کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وفاق و صوبے کے درمیان اختلافات کے خاتمے کے لیے مصالحتی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔عمائدین جرگہ سابق گورنر خیبرپختونخوا شوکت اللہ خان، ملک نادر منان، ملک خان مرجان، ملک عبدالرزاق، ملک سلطان زیب، ملک فیاض، عالمگیر، محمد سہراب، ولی محمد، ملک احمد، ملک محمد ایاز، ملک محمد علی اور حفیظ الرحمن باجوڑ پر مشتمل تھا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



