کوئٹہ۔ 01 اکتوبر (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ بزرگ شہری ہمارے معاشرے کا قیمتی سرمایہ اور ہماری اجتماعی دانش، تجربے اور تہذیبی ورثے کے امین ہیں، ان کی زندگی بھر کی محنت، بصیرت اور تجربات آنے والی نسلوں کیلئے فکری رہنمائی کا اہم ذریعہ ہیں۔بزرگوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرہ اپنے بزرگوں کو بوجھ نہیں سمجھتا بلکہ ان کے وقار، حقوق اور ضروریات کا احترام کرتے ہوئے انہیں معاشرے کا فعال اور قابلِ قدر حصہ بناتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری قومی اقدار اور روایات بھی بزرگوں کے احترام، خدمت اور نگہداشت کا درس دیتی ہیں، عمر کے آخری حصے میں یا بزرگ شہریوں کو ریٹائرمنٹ کے بعد مالی عدم تحفظ، صحت کے مسائل اور سماجی تنہائی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، ان کیلئے معیاری طبی سہولیات، سماجی تحفظ، باعزت زندگی اور بنیادی خدمات تک مساوی رسائی یقینی بنانا حکومت، معاشرے اور ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
گورنر نے کہا کہ تعلیمی اداروں، کمیونٹی مراکز اور مختلف سماجی پلیٹ فارمز پر ایسے پروگرامز منعقد کئے جانے چاہئیں جہاں بزرگ اپنے تجربات، علم اور زندگی کی بصیرت نوجوان نسل کے ساتھ شیئر کر سکیں، اس طرح نسلوں کے درمیان تعلق مضبوط ہوگا اور بزرگوں کا قیمتی تجربہ آئندہ نسلوں تک منتقل ہوگا، نوجوان اپنے بزرگوں کے تجربات اور مشاہدات سے سیکھیں، ان کے ساتھ وقت گزاریں اور ان کی عزت و تکریم کو اپنی سماجی ذمہ داری سمجھیں۔
انہوں نے کہا کہ بزرگ ہماری ماضی کی یاد نہیں بلکہ ہمارے حال کی رہنمائی اور مستقبل کے لیے قیمتی سرمایہ ہیں، بزرگوں کا احترام محض ایک روایت نہیں بلکہ ہماری اخلاقی اور سماجی ذمہ داری ہے، ان کی عزت، نگہداشت اور فلاح کو یقینی بنا کر ہم نہ صرف اپنی اقدار کا تحفظ کرتے ہیں بلکہ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیتے ہیں جہاں ہر عمر کے فرد کو وقار، تحفظ اور احترام کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہو۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)

