اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پٹرولیم کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں کم آمدن اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے بروقت اقدامات سے شہری فیول سبسڈی سے مستفید ہو رہے ہیں، فیول سبسڈی سکیم کے ذریعے تیار ہونے والا مستحکم ڈیٹا بیس مستقبل میں بھی شہریوں کی معاونت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائم منسٹر فیول ریلیف سکیم میں پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کو فیول سبسڈی سکیم کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 15 ستمبر سے اب تک کے مختصر دورانیے میں 75 لاکھ سے زائد شہریوں کا ریلیف سکیم سے مستفید ہونا باعث اطمینان ہے جبکہ فیول سبسڈی سکیم کے ذریعے تیار ہونے والا مستحکم ڈیٹا بیس مستقبل میں بھی شہریوں کی معاونت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے فیول سبسڈی سکیم پر عملدرآمد میں پوری حکومتی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فیول سبسڈی سکیم پوری حکومتی مشینری کے موثر، مربوط تعاون اور مشترکہ کاوشوں کی بہترین مثال ہے۔وزیراعظم نے نائب وزیراعظم، وزیر آئی ٹی، وزیر اطلاعات، وزیر اقتصادی امور، وزیر خزانہ، اوگرا اور سکیم سے منسلک تمام وفاقی اور صوبائی حکام کی کاوشوں کو سراہا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے اور پٹرول سبسڈی سکیم کے تحت اب تک 84 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ اور 75 لاکھ سے زائد شہری سکیم سے مستفید ہو چکے ہیں، پٹرول سبسڈی کے آغاز سے آج تک جاری کردہ 1 کروڑ 22 لاکھ ٹوکنز میں سے 1 کروڑ 3 لاکھ ٹوکنز استعمال ہو چکے ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 15 ستمبر سے آغاز کے بعد یہ سکیم اب تیسرے ہفتے میں داخل ہو رہی ہے، پہلی اور دوسری مرتبہ فیول سبسڈی حاصل کرنے والے شہری اب اگلے ہفتے کی سبسڈی حاصل کر سکیں گے۔ ملک بھر کے 129 اضلاع میں پٹرول سبسڈی سکیم پر عملدرآمد جاری ہے اور تمام پٹرول پمپس شہریوں کو فیول سبسڈی سکیم کے تحت سہولت فراہم کر رہے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ شہریوں اور پٹرول پمپس مالکان کی رہنمائی کے لیے 24 گھنٹے فعال کال سینٹر قائم ہے، وزیراعظم آفس کا پبلک افیئرز یونٹ اور عوامی نمائندے شہریوں کی رجسٹریشن میں معاونت کر رہے ہیں۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



