سرگودھا ۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی چوہدری محمد اکمل کی زیر صدارت اجلاس میں شہر کے بازاروں، شاہرات اور گلی محلوں سے تعمیراتی ملبہ اور دیگر غیر ضروری مواد ہٹانے کے لیے خصوصی صفائی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس مقصد کے لیے ستھرا پنجاب اور میونسپل کارپوریشن کی مشترکہ ٹیم تشکیل دی جائے گی جو شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے سڑکوں، بازاروں اور گلی محلوں میں موجود ملبے کی نشاندہی کرے گی اور اسے فوری طور پر اٹھانے کے لیے اقدامات کرے گی۔ چوہدری محمد اکمل نے کہا کہ ملبہ اٹھانے کے لیے ضروری مشینری، ٹریکٹر ٹرالیاں اور دیگر وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
مشترکہ ٹیم شہر کے مختلف علاقوں کا باقاعدگی سے معائینہ کرے گی اور جہاں بھی تعمیراتی ملبہ موجود ہوگا اسے فوری طور پر ہٹایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی ہدایت پر شہر کی صفائی اور خوبصورتی کے لیے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن احمد بلال مخدوم،اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا احمد شیر گوندل، اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال خان شمس الدین خان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



