لاہور۔6اکتوبر (اے پی پی):بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے 2036 کے اولمپک گیمز کے میزبان ملک کے انتخاب کے لیے اگلے مراحل کا اعلان کرتے ہوئے ممکنہ میزبانوں کے لیے ایک ہینڈ بک جاری کردی ہے جس میں میزبان کے انتخاب کے مکمل طریقہ کار اور ہر مرحلے کے لیے ضروری شرائط بیان کی گئی ہیں۔آئی او سی کے مطابق 2036 اولمپکس کی میزبانی کے خواہشمند منصوبوں کا جائزہ مختلف تکنیکی عوامل کی بنیاد پر لیا جائے گا، جن میں کھیلوں کے مقامات کا ماسٹر پلان، کھلاڑیوں کے تجربے، فنڈنگ کی حکمت عملی، سیاسی و عوامی حمایت، کھیلوں کے انعقاد کی صلاحیت اور میزبان شہروں و علاقوں کے لیے طویل مدتی فوائد کا منصوبہ شامل ہے۔
اس کے علاوہ امیدواروں کے اولمپکس سے متعلق وژن، مقامی ترقیاتی منصوبوں سے ہم آہنگی اور اولمپک موومنٹ کے اہداف سے مطابقت کو بھی جانچا جائے گا۔آئی او سی کی صدر کرسٹی کووینٹری نے کہا کہ وہ خود پانچ اولمپک گیمز میں چار براعظموں میں حصہ لے چکی ہیں اور ہر میزبان نے اپنی ثقافت، لوگوں اور کھیلوں کے انعقاد کے منفرد انداز کے ذریعے اولمپکس کو خاص بنایا۔ ان کے مطابق اولمپکس جہاں بھی منعقد ہوں، ایک چیز تبدیل نہیں ہونی چاہیے اور وہ کھلاڑیوں کو ہر چیز کا مرکز بنانا ہے، کیونکہ کھلاڑی برسوں محنت کرکے اولمپک خواب پورا کرتے ہیں اور اولمپکس میں حاصل ہونے والا تجربہ زندگی بھر ان کے ساتھ رہتا ہے۔آئی او سی کے مطابق میزبان کے انتخاب کے طریقہ کار میں کی جانے والی تبدیلیاں 2019 میں متعارف کرائے گئے ڈائیلاگ کے طریقہ کار پر مبنی ہیں، جس کی نگرانی فیوچر ہوسٹ کمیشن کر رہا ہے۔
2036 اولمپکس کی میزبانی میں اس وقت جرمنی، ہنگری، بھارت، قطر، جنوبی کوریا، جنوبی افریقہ اور ترکیہ دلچسپی رکھتے ہیں اور یہ ممالک آئی او سی کے ساتھ مسلسل مذاکرات کے مرحلے میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بعض قومی اولمپک کمیٹیاں 2036 کے بعد ہونے والے آئندہ اولمپک گیمز کی میزبانی کے حوالے سے بھی آئی او سی کے ساتھ غیر حتمی بات چیت کر رہی ہیں۔موجودہ امیدواروں کو نومبر میں فیوچر ہوسٹ کمیشن کے سامنے اپنے منصوبے پیش کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ آئی او سی نے واضح کیا ہے کہ 31 اکتوبر 2026 کے بعد 2036 اولمپکس کی میزبانی کے لیے کسی نئے امیدوار کو شامل نہیں کیا جائے گا۔میزبان کے انتخاب کے شیڈول کے مطابق نومبر 2026 میں موجودہ امیدوار فیوچر ہوسٹ کمیشن کے سامنے ورچوئل پریزنٹیشنز دیں گے، مارچ 2027 تک آئی او سی کی جانب سے منصوبوں کی فزیبلٹی اسیسمنٹس مکمل کی جائیں گی اور مارچ 2027 میں آئی او سی ایگزیکٹو بورڈ 2036 کے لیے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا آغاز کرے گا۔
اس نئے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے دوران آئی او سی امیدواروں کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گا جبکہ امیدوار فیوچر ہوسٹ سوالنامے کے ابتدائی جوابات اور قانونی و مالی ضمانتیں پیش کریں گے۔ فیوچر ہوسٹ کمیشن مجوزہ میزبان علاقوں کے دورے بھی کرے گا اور اپنی رپورٹ آئی او سی ایگزیکٹو بورڈ کو پیش کرے گا۔دسمبر 2028 میں آئی او سی ایگزیکٹو بورڈ منتخب ترجیحی امیدواروں کے ساتھ ٹارگٹڈ ڈائیلاگ شروع کرے گا، جس کے دوران امیدوار سوالنامے کا حتمی جواب اور مکمل قانونی و مالی ضمانتیں فراہم کریں گے۔2036 اولمپک گیمز کے میزبان کا حتمی انتخاب آئی او سی کے اراکین کی جانب سے 2029 کے وسط میں ہونے والے آئی او سی اجلاس میں کیا جائے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



