لاہور۔1اکتوبر (اے پی پی):20ویں ایشین گیمز آئچی ناگویا2026 کے مردوں کے ہاکی مقابلے میں پاکستان نے بھارت کیخلاف سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے میں شاندار مزاحمت کا مظاہرہ کیا،تاہم فیصلہ کن لمحات میں بھارت نے4-3 سے کامیابی حاصل کرلی۔بھارت نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور ہرمن پریت سنگھ نے 5ویں اور 13ویں منٹ میں دو گول کرکے اپنی ٹیم کو ابتدائی برتری دلائی،جبکہ 23ویں منٹ میں سکھجیت سنگھ کے گول سے بھارت کی برتری 3-0 ہوگئی۔تاہم تین گول کے خسارے کے باوجود پاکستانی کھلاڑیوں نے حوصلہ نہیں ہارا اور بھرپور جذبے کے ساتھ کھیل میں واپسی کی۔
پاکستان کی جانب سے30ویں منٹ میں ابو محمود نے پہلا گول اسکور کیا،جس کے بعد ٹیم کے کھیل میں مزید تیزی اور اعتماد نظر آیا۔ 45ویں منٹ میں حنان شاہد نے بہترین فیلڈ گول کرکے بھارت کی برتری3-2 کردی، جبکہ 49 ویں منٹ میں رانا وحید اشرف نے شاندار گول داغ کر مقابلہ3-3 سے برابر کردیا۔ پاکستان کی جانب سے مسلسل دبائو، جارحانہ انداز اور گول کے مواقع پیدا کرنے کی کوششیں میچ کے دوسرے ہاف میں نمایاں رہیں۔
پاکستانی ٹیم نے تین گول کے خسارے سے واپسی کرتے ہوئے نہ صرف مقابلہ برابر کیا بلکہ آخری لمحات تک بھارت کو دبائو میں رکھا۔قومی کھلاڑیوں کی فائٹنگ اسپرٹ، مسلسل جدوجہد اور کم بیک کی صلاحیت نے میچ کو انتہائی دلچسپ بنا دیا۔تاہم میچ کے آخری منٹ میں بھارت کے ابھیشیک نے فیصلہ کن گول کرکے اپنی ٹیم کو4-3 سے کامیابی دلا دی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی کھلاڑیوں کی محنت،حوصلے اور شاندار کم بیک کو سراہتے ہوئے ان کی کارکردگی کی تعریف کی۔پاکستان ٹیم نے شکست کے باوجود مقابلے کے دوران جس جذبے، مزاحمت اور فائٹنگ سپرٹ کا مظاہرہ کیا،وہ میچ کا نمایاں پہلو رہا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)


