لاہور۔28نومبر (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا لاہور غفران احمد کی زیرِ صدارت شالیمار ٹائون کی ریونیو ریکوری اور آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی ایم ڈیز، ڈائریکٹرز، متعلقہ ایکسینز، ایس ڈی اوز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر باغبانپورہ، مغلپورہ، گجرپورہ اور شادباغ سب ڈویژنز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اورریونیو ریکوری کا ہدف سو فیصد یقینی بنانے کے لیے خصوصی حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ۔
ایم ڈی واسا نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو ریکوری کے معاملے میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اوربل ادا نہ کرنے والے نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، انہوں نے کہا کہ ریونیو اہداف کے حصول میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،تمام نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرتے ہوئے واجبات کی وصولی یقینی بنائی جائے، ادارے کے مالی استحکام کے لیے سو فیصد ریونیو ریکوری کا ہدف حاصل کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر عوامی سروس ڈلیوری کے لیے فیلڈ آپریشنز مزید موثر بنائے جائیں، شہریوں کی شکایات کے ازالے میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، تمام شکایات کا فوری حل یقینی بنایا جائے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



