پیرس ـ۔21نومبر (اے پی پی):فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے پاکستان بزنس فورم فرانس کے زیرِ اہتمام تقریب میں شرکت کی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے عوامی روابط، کاروباری تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔فرانس میں پاکستانی سفارت خانہ کی طرف سے ایکس پر جاری پوسٹ کے مطابق یہ تقریب فرانس کے ممتاز وفد، جس میں میئرز اور کاروباری شخصیات شامل تھیں، کے اعزاز میں منعقد کی گئی۔ یہ وفد حال ہی میں پاکستان کا دورہ کر کے واپس فرانس پہنچا ہے۔ تقریب میں منتخب عوامی نمائندوں، کاروباری شخصیات، پیشہ ور افراد اور پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران فرانسیسی وفد کے ارکان نے پاکستان میں اپنے قیام کے دوران پاکستانی عوام کی گرم جوشی، خلوص اور مہمان نوازی کو خوشگوار انداز میں یاد کیا۔ انہوں نے پاکستان کے تاریخی و ثقافتی ورثے، متنوع اور دلکش قدرتی مناظر، نیز ملک کی معاشی صلاحیت اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کو بھی سراہا۔ فرانسیسی سینیٹ میں پاکستان-فرانس دوستی گروپ کے ڈپٹی چیئرمین سینیٹر راشد تیمل نے بھی دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں عوامی سطح پر روابط کی اہمیت پر زور دیا۔پاکستانی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے ارکانِ پارلیمنٹ، میئرز اور کاروباری شخصیات کے باہمی دوروں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر مسلسل روابط اور مختلف شہروں اور قصبوں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے سے ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھنے کے مواقع بڑھیں گے اور پاکستان اور فرانس کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔سفیرنے پاکستان کی معاشی صلاحیت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو بھی نمایاں کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے کھلا ہے اورفرانس کے ساتھ باہمی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



