اقوام متحدہ ۔21نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے تحت مہلک خودمختار ہتھیاروں، جنہیں عام طور پر ’’قاتل روبوٹس‘‘ کہا جاتا ہے، کے استعمال کو ضابطے میں لانے کے لیے مذاکرات میں شریک ممالک نے آئندہ دو سال کے دوران نئے قواعد وضع کرنے کے لیے مزید بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، تاہم روس کی مخالفت کے باعث اس پیش رفت میں قانونی طور پر پابند ضابطوں کی ضمانت شامل نہیں ہو سکی۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اقوام متحدہ کے کنونشن آن سرٹن کنونشنل ویپنز کے رکن ممالک نے پیر سے جنیوا میں مذاکرات کیے، جن کا مقصد ایسے ہتھیاروں کے نظام کو ضابطے میں لانا تھا جو انسانی نگرانی کے بغیر یا انتہائی محدود انسانی مداخلت کے ساتھ اہداف کی شناخت اور انہیں نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔تقریباً 100 ممالک نے مختصر مدت میں قانونی طور پر پابند قواعد وضع کرنے کی حمایت کی، تاہم امریکا، روس اور اسرائیل سمیت بڑے اسلحہ ساز ممالک نے عالمی سطح پر ایسے قوانین کی مخالفت کرتے ہوئے قومی سطح پر رہنما اصولوں کو ترجیح دی۔
اس اختلاف کے باعث مذاکرات کے نتیجے میں طے پانے والا معاہدہ محدود رہا اور مستقبل کے ضابطوں کی قانونی حیثیت کا معاملہ غیرطے شدہ رہ گیا۔رپورٹ کے مطابق یوکرین، سوڈان اور مشرق وسطیٰ سمیت مختلف تنازعات میں مہلک خودمختار ہتھیاروں کے استعمال پر عالمی سطح پر تشویش بڑھ رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، پوپ اور عالمی ریڈ کراس بھی ان ہتھیاروں کے حوالے سے مضبوط اور قانونی طور پر پابند قواعد وضع کرنے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔مذاکرات کے سوئس چیئرمین جولین تھونی نے معاہدے کو انسانی بنیادوں پر اسلحہ کنٹرول کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ موجودہ منقسم عالمی ماحول میں بھی کثیرالجہتی سفارت کاری ٹھوس نتائج دے سکتی ہے۔دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں نے معاہدے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
اسٹاپ کِلر روبوٹس کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نکول وین روئین نے کہا کہ قانونی طور پر پابند معاہدے کے قیام میں تاخیر سے شہریوں اور انسانیت کو خطرات لاحق ہیں۔بعض مبصرین اور سابق فوجی حکام نے تجویز دی ہے کہ اگر اقوام متحدہ کے موجودہ نظام کے تحت اتفاق رائے سے پیش رفت ممکن نہ ہو تو اس عمل کو موجودہ فریم ورک سے باہر کسی نئے طریقہ کار کے تحت آگے بڑھانے پر غور کیا جانا چاہیے۔ موجودہ کنونشن کے تحت کسی بھی فیصلے کے لیے تمام 128 رکن ممالک کا اتفاق رائے ضروری ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



