جنیوا۔21نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے عالمی پروگرام برائے خوراک (ڈبلیو ایف پی) نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ سال 91 ملین افراد کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے 12.1 بلین ڈالر درکار ہوں گے، تاہم فنڈز کی مسلسل کمی اور ایک نئے عالمی غذائی بحران کے خدشے کے باعث لاکھوں مزید افراد بھوک کا شکار ہو سکتے ہیں۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق ڈبلیو ایف پی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر میتھیو ہولنگ ورتھ نے جنیوا میں صحافیوں کو ادارے کی 2027 کی عالمی صورتحال سے متعلق رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ شدید نقل مکانی کا شکار، انتہائی کمزور اور روزانہ بھوک سے دوچار افراد تک امداد پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔
رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں کم از کم 266 ملین افراد شدید غذائی قلت کا سامنا کر رہے ہیں، جس کی بنیادی وجوہات میں تنازعات، معاشی بحران اور موسمیاتی تبدیلی شامل ہیں۔ ان میں سے تقریباً 39 ملین افراد کو ہنگامی یا اس سے بھی بدتر درجے کی غذائی صورتحال کا سامنا ہے۔یہ صورتحال ایسے وقت میں پیدا ہو رہی ہے جب انسانی امداد کے بجٹ میں مسلسل کمی کی جا رہی ہے، جس کے باعث ڈبلیو ایف پی کو صرف انتہائی سنگین نوعیت کے معاملات کو ترجیح دینا پڑ رہی ہے۔
میتھیو ہولنگ ورتھ نے روم میں ادارے کے مرکزی دفتر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیموں کو زمینی سطح پر انتہائی مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں، جس کا ناگزیر نتیجہ یہ ہے کہ بہت سے افراد امداد سے محروم رہ جاتے ہیں۔انہوں نےکہا کہ اس سے بھی زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ موجودہ صورتحال میں ان افراد کے درمیان فرق بڑھنے کا خدشہ ہے جن تک ادارہ امداد پہنچا سکتا ہے اور جن تک رسائی ممکن نہیں۔ڈبلیو ایف پی نے مطالبہ کیا ہے کہ ادارے کو لچکدار اور قابلِ پیش گوئی فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ وسائل کو زیادہ ضرورت والے علاقوں میں مختص کیا جا سکے اور ہر ڈالر کا زیادہ سے زیادہ مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



