پشاور۔ 20 نومبر (اے پی پی):مشیر گورنر خیبرپختونخوا برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے جمعہ کے دوز پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے ویئر ہاؤس جلوزئی کا تفصیلی دورہ کیا۔محکمہ اطلاعات خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اس موقع پر سیکرٹری ریلیف یوسف رحیم اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے محمد نعیم خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران مشیر ثمر ہارون بلور نے ویئر ہاؤس میں موجود امدادی سامان اور مختلف ضروری اشیا کے سٹاک کا تفصیلی جائزہ لیا۔ متعلقہ حکام کی جانب سے انہیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے کی پیشگی تیاریوں، دستیاب سٹاک اور عملے کی دستیابی کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔ مشیر نے ویئر ہاؤس میں مجموعی تیاریوں، دستیاب سٹاک اور عملے کی مستعدی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ خیبرپختونخوا موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے حوالے سے ایک انتہائی حساس صوبہ ہے جبکہ صوبے کے بالائی اور پہاڑی علاقوں کو موسمِ سرما کے دوران شدید برف باری اور نامساعد موسمی حالات کا سامنا رہتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موسمیاتی خطرات اور ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کی ہرگز کوئی گنجائش نہیں ہے۔مشیر نے حکام کو ہدایت کی کہ امدادی سامان کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور سٹاک میں موجود کسی بھی کمی کو بروقت پورا کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ حساس اور قدرتی آفات سے متاثر ہونے کے خدشات رکھنے والے علاقوں میں نان فوڈ آئٹمز (NFIs) کی فراہمی اور تقسیم کا عمل جلد مکمل کیا جائے جبکہ برف باری سے متاثر ہونے والے پہاڑی علاقوں میں بروقت امدادی کارروائیوں اور ضروری سامان کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ثمر ہارون بلور نے اس بات پر زور دیا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے ہمہ وقت تیار رہیں اور باہمی رابطوں کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاریاں مکمل رہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



