ایبٹ آباد۔ 02 نومبر (اے پی پی):ضلع کوہستان اپر میں 4 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا۔ ضلعی انتظامیہ کوہستان اپر کے مطابق ڈپٹی کمشنر عزیزاللہ جان کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلھ آفیسر اور ای پی آئی کوارڈینیٹر نے مختلف یونین کونسلز میں منعقدہ پولیو ورکرز کی مارننگ اسمبلی میں شرکت کی۔
اس موقع پر محکمہ پولیس، محکمہ صحت کے افسران اور پولیو مہم میں خدمات انجام دینے والے فرنٹ لائن ورکرز بھی موجود تھے۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران نے پولیو فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ مائیکرو پلان کے مطابق گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوران مہم کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی سے گریز کیا جائے، ہر بچے تک رسائی یقینی بنائی جائے اور فیلڈ میں پیش آنے والے مسائل کو بروقت رپورٹ کیا جائے۔
انہوں نے سکیورٹی اہلکاروں کو بھی ہدایت کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ اپنی ڈیوٹیاں موثر انداز میں سرانجام دیں اور ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں۔ افسران نے کہا کہ کسی بھی مقام پر انکاری کیس سامنے آنے کی صورت میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا جائے تاکہ بروقت اقدامات اٹھائے جا سکیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



