اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ ارضی علوم میں جنوبی ایشیا سائنسی ڈیٹا تعاون اتحاد کے حوالے سے گول میز مذاکرہ منعقد ہوا ،جس میں ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق اہم چیلنجز، سائنسی تعاون، ڈیٹا کے تبادلے اور مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مذاکرے میں گلیشیئرز کے پگھلائو، برف اور برفانی تہوں میں تبدیلی، پانی کی قلت، ارضی خطرات، لینڈ سلائیڈنگ، ملبے کے بہائو، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے آنے والے سیلاب، ماحولیاتی نظام کی تباہی، زرعی شعبے کو لاحق خطرات اور مقامی آبادی کے معاشی و معاشرتی مسائل سمیت دیگر اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔شعبہ ارضی علوم قائداعظم یونیورسٹی کے چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر مطلوب حسین اور شعبہ ارضی علوم کے پروفیسر ڈاکٹر عامر علی سمیت پاکستان کی 13 جامعات کے نمائندگان نے مذاکرے میں شرکت کی۔
چینی وفد کی قیادت چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے انسٹی ٹیوٹ آف مائونٹین ہیزرڈز کے پروفیسر نی یونگ اور چین پاکستان مشترکہ تحقیقی مرکز برائے ارضی علوم کے پروفیسر ہونگ نے کی۔ شرکا نے جنوبی ایشیا کو درپیش ابھرتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سائنسی تعاون، تحقیقی اشتراک، معلومات اور سائنسی اعداد و شمار کے تبادلے کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔مذاکرے کے بعد جنوبی ایشیا سائنسی ڈیٹا تعاون اتحاد کے تحت تعاون کو باضابطہ شکل دینے اور مزید مستحکم کرنے کے لیے مفاہمتی دستاویز پر دستخط کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



