پشاور۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا نے دو مختلف تازہ کارروائیوں میں مجموعی طور پر 6 کلو گرام چرس برآمد کرکے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ دونوں واقعات کے مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔محکمہ ایکسائز سے موصولہ تفصیلات کے مطابق ایکسائز پولیس پشاور نے موٹروے کی جانب قائم جوائنٹ چیک پوسٹ پر گاڑی نمبرایمMNA-2984 کو روک کر تلاشی لی جس کے دوران 3,600 گرام چرس برآمد ہوئی۔ کارروائی میں دو ملزمان محمد سہیل ولد محمد باقی، ساکن اپر دیر، اور حمزہ احمد ولد احمد گل ساکن بحرین سوات کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔
دوسری کارروائی میں ایکسائز پولیس پشاور نے جوائنٹ چیک پوسٹ M-1 پر گاڑی نمبر AWD-283 کو روک کر تلاشی کے دوران 2,400 گرام چرس برآمد کی۔ کارروائی کے دوران عبدالسبحان ولد امجد علی اور صفیان اظہر ولد اظہر علی ساکنان شادمان کالونی گجرات کو گرفتار کرلیا گیا۔دونوں کارروائیوں کے بعد ملزمان کے خلاف تھانہ ایکسائز پشاور میں مقدمات درج کرکے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔صوبائی حکومت کی منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور وزیر ایکسائز وٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان کے ہدایات کی روشنی میں صوبے بھر میں محکمہ ایکسائز کے تحت منشیات کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



