حیدرآباد۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حوالے کرنے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں میئر حیدرآباد کاشف شورو اور پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سید سمیر نے معاہدے پر دستخط کر دیئے۔ منگل کو منعقدہ تقریب میں نیاز اسٹیڈیم کی بحالی، تزئین و آرائش اور اسے جدید تقاضوں کے مطابق تیار کرنے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کاشف شورو نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے میدانوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نیاز اسٹیڈیم کی بہتری کے لیے کی جانے والی کوششیں اب نتیجہ خیز مرحلے میں داخل ہوچکی ہیں اور اسٹیڈیم کی روشنیاں بھی بحال کی جائیں گی۔
کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے کہا کہ نیاز اسٹیڈیم کے پی سی بی میں شامل ہونے کے بعد اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق بحال کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم کا کمشنر آفس سے تاریخی تعلق ہے کیونکہ یہ میدان سابق کمشنر نیاز احمد نے قائم کیا تھا۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سید سمیر نے کہا کہ نیاز اسٹیڈیم کی بحالی کا سفر طویل رہا جس میں وزیراعلیٰ سندھ اور چیئرمین پی سی بی کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم کی بحالی آنے والی نسلوں کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش تقریباً 20 ہزار تک بڑھائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 12 کے دوران حیدرآباد میں میچ کرانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی جبکہ پی ایس ایل 13 میں نیاز اسٹیڈیم میں میچز کے انعقاد کی بھی منصوبہ بندی کی جائے گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



