لاہور۔31اکتوبر (اے پی پی):سری لنکن کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر کامندو مینڈس نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز میں ان کی ٹیم نے مجموعی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم اس وقت مضبوط پوزیشن میں اور یہ آنے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے ایک مثبت علامت ہے۔فائنل کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کامندو مینڈس نے کہا کہ ٹیم کا ماحول خوشگوار اور کوچ سمیت تمام کھلاڑی مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ٹیم ہر گزرتے دن اور ہر میچ کے ساتھ بہتری کی جانب گامزن ہے، جس کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔پاکستان کے خلاف میچ میں بابر اعظم کی وکٹ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ سری لنکن بولرز نے میچ کا آغاز اچھا کیا تاہم سعود شکیل اور فخر زمان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میچ کے دوران اوس پڑنے کے باعث پاکستان کو بھی فائدہ حاصل ہوا۔کامندو مینڈس نے سہ ملکی سیریز کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مقابلوں میں ہمیشہ سخت چیلنج درپیش ہوتا ہے اور جو ٹیم میچ کے دن بہتر کھیل پیش کرتی ہے، کامیابی اسی کے حصے میں آتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سہ ملکی سیریز کا انعقاد کرکٹ کے لیے ایک اچھا اقدام ہے۔سری لنکن نوجوان کھلاڑیوں پون اور جانیت لنگے کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کامندو مینڈس نے کہا کہ وہ پون کے ساتھ طویل عرصے سے کلب کرکٹ کھیلتے آ رہے ہیں اور انہیں پہلے ہی اندازہ تھا کہ وہ عالمی معیار کے کھلاڑی بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے جانیت لنگے کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں ڈیبیو کے بعد سے متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



