مسقط۔1اکتوبر (اے پی پی):پاکستان سکول مسقط میں ہائی اچیورز ایوارڈز کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ عمان میں پاکستان کے سفیر سید نوید صفدر بخاری مہمان اعزاز تھے۔جمعرات کو جاری بیان کے مطابق تقریب میں کیمبرج اے لیولز، او لیولز اور وفاقی تعلیمی بورڈ کے امتحانات میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں اعزازات سے نوازا گیا۔ خصوصی طور پر ’’ٹاپ ان دی ورلڈ‘‘ اور ’’ٹاپ ان عمان‘‘ کا اعزاز حاصل کرنے والے طلبہ کی غیر معمولی تعلیمی کارکردگی کو سراہا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں جبکہ بیرونِ ملک زیر تعلیم پاکستانی طلبہ اپنے ملک کے سفیر کا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی تعلیمی کامیابیاں، کردار اور صلاحیتیں نہ صرف ان کے والدین اور خاندان بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعث فخر ہیں۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملکی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرسکتے ہیں۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی کے ساتھ قیادت کی صلاحیت، خود اعتمادی اور عملی مہارتیں بھی کامیاب مستقبل کی تعمیر کے لیے نہایت اہم ہیں۔پاکستان سکول سسٹم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین امیر حمزہ اور سکول انتظامیہ نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ امیر حمزہ نے ادارے کے تعلیمی سفر اور خدمات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان سکول سسٹم کو عمان میں 50 سالہ تعلیمی ورثہ حاصل ہے۔
ادارہ سات برانچز کے ذریعے تقریباً 10 ہزار طلبہ کو تعلیمی سہولیات فراہم کررہا ہے اور معیاری تعلیم، طلبہ کی ہمہ جہت تربیت، استعداد کار میں اضافے اور نئی نسل کے قومی تشخص سے مضبوط تعلق کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔تقریب میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن جاوید اقبال، سکول انتظامیہ، اساتذہ، والدین اور پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر طلبہ کی شاندار کامیابیوں کو بھرپور انداز میں سراہا گیا جبکہ ان کی کامیابی میں اساتذہ کی محنت اور والدین کے تعاون کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)


