اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کی داخلہ ٹیم نے انڈر گریجویٹ داخلہ آگاہی مہم 2027 کے سلسلے میں سپر نوواسکول اسلام آباد میں آگاہی نشست اور سرینا ہوٹل اسلام آباد میں بیکن ہائوس نیشنل کالج میلے میں شرکت کی۔ ان سرگرمیوں کا مقصد طلبہ کو نسٹ میں انڈرگریجویٹ داخلوں کے طریقہ کار، وظائف کے مواقع اور جامعہ میں دستیاب تعلیمی و دیگر سہولیات بارے آگاہی فراہم کرنا تھا۔
شمالی خطے کے مختلف علاقوں بشمول پشاور سے گجرات تک تقریباً 5 ہزار سے 6 ہزار طلبہ نے نسٹ کے سٹال کا دورہ کیا اور جامعہ میں دستیاب تعلیمی مواقع بارے معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر داخلہ ٹیم نے مستقبل میں اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند طلبہ کی رہنمائی کی اور انہیں داخلوں، مالی معاونت اور جامعہ کی سہولیات سے متعلق ضروری معلومات فراہم کیں تاکہ وہ اپنے تعلیمی مستقبل کے حوالے سے باخبر فیصلے کر سکیں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



