قصور ۔2اکتوبر (اے پی پی):پاک بھارت بین الاقوامی سرحد پر بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) کی جانب سے بلااشتعال اور بلاجواز فائرنگ کے نتیجے میں دو نہتے پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کا یہ افسوسناک واقعہ قصور بارڈر کے قریب پیش آیا جہاں لدھڑ گائوں سے تعلق رکھنے والے تین مقامی پاکستانی شہری بارڈر پلر سے چند قدم آگے بڑھے ہی تھے کہ بی ایس ایف کے اہلکاروں نے بغیر کسی انتباہ یا وارننگ کے انہیں سیدھی فائرنگ کا نشانہ بنا ڈالا۔

فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کی شناخت عظمت رسول ولد عطاء اللہ اور محسن جٹ کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق لدھڑ کی جٹاں والی حویلی سے تھا جبکہ فائرنگ کی زد میں آ کر ایک شہری زخمی بھی ہوا۔ سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ تینوں افراد مکمل طور پر غیر مسلح تھے اور ان میں سے کسی نے بھی بارڈر فینس (سرحدی باڑ) عبور کرنے کی قطعاً کوئی کوشش نہیں کی تھی۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا نے روایتی ہٹ دھرمی اور فالس فلیگ آپریشنز کی روش برقرار رکھتے ہوئے نہتے اور معصوم دیہاتیوں کو درانداز قرار دے کر اپنا مکروہ چہرہ چھپانے کی کوشش شروع کر دی ہے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نہتے اور پرامن شہریوں پر براہ راست فائرنگ کا یہ اقدام دونوں ممالک کے مابین طے شدہ سرحدی معاہدوں اور معیاری طریقہ کار کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے جس کا سختی سے نوٹس لیا جا رہا ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



