اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):آٹو موبائل شعبے کی بحالی ونمو، مختلف صنعتی سرگرمیوں میں اضافے اور سیمنٹ کی مقامی طلب میں استحکام سے ملک میں بڑی صنعتوں کے حوالہ سے حوصلہ افزاء رجحان سامنے آیاہے۔وزارت خزانہ کے مطابق جولائی میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مجموعی طورپر 3.03 فیصد سالانہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے صنعتی سرگرمیوں میں بتدریج بہتری کی نشاندہی ہورہی ہے، صنعتی سرگرمیوں میں آٹو موبائل کے شعبے نے نمایاں کارکردگی دکھائی، جہاں پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 57 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح ملبوسات کی پیداوار 22 فیصد جبکہ تمباکو کی پیداوار 35.8 فیصد بڑھی۔ مینوفیکچرنگ کے دیگر شعبوں میں بھی بہتری آئی ہے برقی آلات، دیگر ٹرانسپورٹ آلات، فرنیچر اور غیر دھاتی معدنی مصنوعات کی پیداوار میں اضافہ ہوا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صنعتی سرگرمیوں میں بہتری کسی ایک شعبے تک محدود نہیں رہی۔ جولائی اور اگست کے دوران گاڑیوں کی پیداوار میں 27.6 فیصد جبکہ فروخت میں 29.9 فیصد اضافہ ہوا۔ کاروں، ٹرکوں، بسوں اور دو و تین پہیوں والی گاڑیوں کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم جیپ، پک اپ اور ٹریکٹرز کی پیداوار گزشتہ سال کی سطح سے کم رہی۔
سیمنٹ سیکٹر کامجموعی منظرنامہ ملے جلے رحجان کاحامل رہا جولائی اور اگست کے دوران سیمنٹ کی فروخت 2.8 فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً 85 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی۔ اگست میں سیمنٹ کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر معمولی 0.7 فیصد کمی ہوئی جس کی بڑی وجہ مون سون کے باعث تعمیراتی سرگرمیوں میں عارضی سست روی بتائی جاتی ہے سیمنٹ کی مقامی فروخت میں مجموعی اضافہ سے تعمیراتی شعبے میں طلب کے برقرار رہنے کی نشاندہی ہورہی ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



