اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح 4 گرائونڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیعی ورژن کے کامیاب تجربے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ فتح 4 کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ ملک کے دفاعی شعبے میں ایک اہم اور تاریخی پیش رفت ہے۔
انہوں نے اس شاندار کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیاب تجربہ ہمارے باصلاحیت سائنسدانوں اور انجینئرز کا انتہائی قابل تحسین کارنامہ ہے اور قوم کو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور لگن پر فخر و ناز ہے۔ محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس نوعیت کی خود انحصاری اور تکنیکی مہارت نے ملک کے دفاع کو مزید مستحکم بنایا ہے اور بلاشبہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



