اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر شہری سے لاکھوں روپے کی خطیر رقم بٹورنے والے ملزم وقار اختر کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ اس کے دیگر نامزد ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایف آئی اے اسلام آباد زون کے مطابق ملزم کے خلاف کارروائی شہری محمد یوسف کی جانب سے دائر شکایت پر مکمل ہونے والی انکوائری نمبر 544/2025 کے نتائج کی روشنی میں عمل میں لائی گئی۔ سرکاری تحقیقات سے ثابت ہوا کہ ملزم وقار اختر، عمار اختر، وقاص اختر (میر کنسلٹنسی) اور سلمان زیب نے باہمی ملی بھگت سے شکایت کنندہ کو لکسمبرگ کا ورک ویزا دلوانے کا جھانسہ دے کر بینکنگ چینل کے ذریعے 40 لاکھ روپے وصول کیے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان رقم وصول کرنے کے باوجود شہری کو کوئی ویزا فراہم نہ کر سکے اور دھوکہ دہی کا ارتکاب کیا۔ واقعے پر ملزمان کے خلاف امیگریشن آرڈیننس 1979 کی دفعات 18، 22 اور تعزیرات پاکستان کی دفعہ 109 کے تحت مقدمہ (FIR-AHTC-ICT-837/2026) درج کر لیا گیا ہے۔
گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے اور نیٹ ورک سے منسلک دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ سادہ لوح شہریوں کو ملازمت کا لالچ دے کر لوٹنے اور غیر قانونی امیگریشن میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)


