کراچی۔ 04 اکتوبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ صومالیہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے جسدِ خاکی اور زخمی ہم وطنوں کی وطن واپسی پر پوری قوم غمزدہ ہے۔اتوار کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی افسوسناک اور کربناک سانحہ ہے، جاں بحق پاکستانیوں کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صومالیہ سانحے کو ابتداء ہی سے ذاتی طور پر فالو کیا اور ہم وطنوں کی وطن واپسی کے تمام مراحل کی مسلسل نگرانی کی۔
وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر متعلقہ وزارتوں، سفارتی حکام اور اداروں نے دن رات کام کرکے جاں بحق پاکستانیوں کے جسدِ خاکی اور زخمیوں کو بحفاظت وطن واپس پہنچایا ہے۔گورنر سندھ نے بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متاثرہ خاندانوں کے لیے فی خاندان ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالی معاونت، ایک گھر اور بچوں کے تمام تعلیمی و صحت کے اخراجات سرکاری طور پر اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کو اس مشکل گھڑی میں بالکل تنہا نہیں چھوڑے گی اور زخمیوں کو بہترین طبی نگہداشت سمیت ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



