اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی سے ٹیلی فونک گفتگو کی جس میں وزیراعظم ہیپاٹائٹس سی پروگرام پر پیش رفت اور آزاد کشمیر میں اس پر عمل درآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سے پاک معاشرہ وزیراعظم کا مشن ہے، وزیراعظم ہیپاٹائٹس سی پروگرام تقریباً 68 ارب روپے کا قومی منصوبہ ہے جس کا آغاز پہلے مرحلے میں اسلام آباد سے کیا گیا تھا جبکہ اب گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بھی اس پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں ہیپاٹائٹس سی کی سکریننگ کا آغاز کر دیا گیا ہے اور سکریننگ کا دائرہ کار جلد پورے ملک تک پھیلا دیا جائے گا، حکومت نے ملک بھر سے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پروگرام کے تحت ملک بھر میں 12 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی ہیپاٹائٹس سی سکریننگ کی جائے گی، سکریننگ اور علاج کی سہولیات عوام کو مفت فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ سکریننگ پر فی فرد تقریباً 8 ہزار روپے کے اخراجات حکومت برداشت کر رہی ہے۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کو 34 ہزار سے 68 ہزار روپے تک کی ادویات مفت فراہم کی جائیں گی، بروقت تشخیص اور مفت علاج کے ذریعے اس مرض کے خاتمے کی جانب پیش رفت کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی پروگرام کے تحت ملک بھر میں تقریباً 7 کروڑ افراد کی ہیپاٹائٹس سی سکریننگ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، ہیپاٹائٹس سی کے موثر خاتمے کے لیے بروقت تشخیص اور سکریننگ ناگزیر ہے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



