لاہور۔3اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے سامان کی ترسیل میں تاخیر کرنے والے نجی وینڈرز کو فوری طور پر بلیک لسٹ کرنے اور ریلوے کے تمام ورکشاپس و یارڈز میں جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے ساتھ نجی سکیورٹی تعینات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مالی سال کے ریونیو اہداف کے حصول کے لیے تمام متعلقہ افسران کو مل کر کام کرنا ہوگا، کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ریلوے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ریلوے اسکریپ اور اسپیئر پارٹس کی چوری کی روک تھام کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے ریلوے کے نظام میں شفافیت اور بہتری کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام معاملات میں واضح پالیسی اور موثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں یکساں پالیسی کے تحت تمام بریک اور لگیج وینز کی فوری آوٹ سورسنگ کی ہدایت بھی کی گئی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملت، عوام، میانوالی اور قراقرم ایکسپریس رواں ماہ نجی شعبے کے حوالے کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ریلوے کے تمام شعبوں میں کارکردگی بہتر بنانے، اخراجات پر قابو پانے اور آمدن میں اضافے کے لیے عملی اقدامات تیز کیے جائیں۔ وفاقی وزیر نے ریپیئر ہونے والے لوکوموٹیوز کو طے شدہ شیڈول کے مطابق ٹریک پر لانے کی بھی ہدایت کی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



