اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):ورلڈ بینک گروپ کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے سندھ کے لیے 150 ملین ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دی ہے جس کا مقصد شہری پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کو بہتر بنانا ، سندھ بالخصوص کراچی میں میونسپل سروس کی فراہمی میں بہتری ہے۔ ورلڈ بینک کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سندھ پراپرٹی ریونیو انہانسمنٹ پروگرام (سندھ پی آر ای پی) شہری غیر منقولہ پراپرٹی ٹیکس (یو آئی پی ٹی) کی وصولی کو بہتر بنانے اور منتخب مقامی کونسلوں کی خدمات کی فراہمی کی صلاحیت کو مضبوط بنانے میں صوبائی حکومت کی مدد کرے گا۔عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان بولورما امگابازار نے کہا ہے کہ ایسے شہر جو اپنی آمدنی خود بڑھا سکتے ہیں وہ طویل مدت کے لیے منصوبہ بندی اور سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کی لوکل کونسلز اس وقت اپنی آمدنی کے 95 فیصد سے زیادہ کے حصہ کیلئے صوبائی حکومت پر انحصار کرتی ہیں۔
کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ کراچی میں رہائشیوں اور کاروباروں سے پراپرٹی ٹیکس جمع کرنے اور مقامی خدمات میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے میں مدد کرنے کیلئے مرتب کیا گیا یہ پروگرام شہروں کو اس قابل بنائے گا کہ وہ بنیادی ڈھانچے کی مالی اعانت کر سکیں۔دنیا کے بڑے شہروں میں سے ایک ہونے کے باوجود، کراچی فی الحال صرف 8.5 ملین ڈالر سالانہ پراپرٹی ٹیکس جمع کرتا ہے جب کہ اس جتنی آبادی والے دنیا کے دیگر شہر کراچی کے مقابلہ میں 82 سے 350 گنا زیادہ ٹیکسزوصول کرتے ہیں۔اس پروگرام کا مقصد ٹیکس محصولات کو 20 سے 50 فیصد تک بڑھا کر کراچی کی سالانہ پراپرٹی ٹیکس وصولی کو 85 ملین ڈالر تک بڑھانا ہے۔واضح رہے کہ پراپرٹی ٹیکس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے ٹیکس کی وصولی مقامی انتظامیہ کو مضبوط کرے گی جس میں بلنگ، ادائیگی کی کارروائی اور شکایات کے ازالے کے ساتھ ساتھ مقامی کونسلوں میں مربوط مالیاتی مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم شامل ہیں۔
جمع شدہ پراپرٹی ٹیکس ریونیو کا تقریباً 70 فیصد حصہ ٹیکس وصول کرنے والی مقامی کونسلوں میں براہ راست میونسپل انفراسٹرکچر اور خدمات میں دوبارہ لگایا جائے گا۔اس پروگرام سے کراچی کی 25 مقامی کونسلوں کو فائدہ پہنچے گا، جن میں 3.58 ملین افراد بستے ہیں۔ کارکردگی پر مبنی فنانسنگ میکانزم فنڈز کو ایک آزاد تصدیقی ایجنٹ کے سالانہ جائزوں سے جوڑ دے گا، جس کے نتیجے میں مختص کی گئی رقم آب و ہوا کے لیے لچکدار میونسپل انفراسٹرکچر کی بحالی اور خدمات کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
یہ سرمایہ کاری نکاسی آب، سیوریج، سکولز، فائر سٹیشنز، سڑکوں اور سٹریٹ لائٹ کا احاطہ کرے گی۔اس پروگرام میں سندھ کے دیگر شہری مراکز میں 20 لوکل کونسلوں تک پراپرٹی سروے اور پراپرٹی ٹیکس ایڈمنسٹریشن کو وسعت دینے کے لیے 40 ملین ڈالر انویسٹمنٹ پراجیکٹ فنانسنگ بھی شامل ہے، جس سے بالواسطہ طور پر تقریباً 4.5 ملین افراد مستفید ہو ں گے۔عالمی بینک کے شہری ترقی کے سینئر ماہر ڈیوسن موچاڈینیکا نے کہا ہے کہ کراچی میں اپنی جائیداد کی بنیاد سے آمدنی پیدا کرنے اور ان وسائل کو رہائشیوں اور کاروباروں کو درکار انفراسٹرکچر کی فنڈنگ کے لیے استعمال کرنے کی قابل استعمال صلاحیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام سندھ کو مالیاتی استحکام کو مضبوط بنانے میں مدد دے گا، شہروں کو اپنے وسائل کے ذریعے موثر طریقے سے منصوبہ بندی، سرمایہ کاری اور خدمات کی فراہمی کے بھی قابل بنائے گا۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



