اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے تیسرے ایڈیشن کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فورم میں بین الاقوامی شرکاء کی نمایاں بڑھتی ہوئی تعداد پاکستان کے معدنی شعبے اور اس میں سرمایہ کاری کے امکانات پر عالمی اعتماد میں اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے گزشتہ شب اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے اختتامی گالا ڈنر میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور تقریب سے خطاب کیا۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے فورم کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ فورم کے دوران ہونے والے روابط اور تبادلہ خیال مستقبل میں بامعنی شراکت داریوں اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کی صورت اختیار کریں گے۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



