اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مفکر پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ کا پیغامِ خودی اور خود انحصاری ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کسی بھی قوم کی اصل طاقت اس کے عوام کے کردار، آزادانہ سوچ اور ثابت قدمی میں مضمر ہے۔ پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ یومِ اقبال کے موقع پر میں قومی شاعر اور فلسفی علامہ محمد اقبالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے میں پوری قوم کے ساتھ شریک ہوں،ان کی لازوال شاعری اور 1930ء کا تاریخی خطبہ الہٰ آباد برصغیر کے مسلمانوں کے جذبات اور امنگوں کا ترجمان بنا اور پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کی تشکیل کا سبب بنا۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کا پیغامِ خودی اور خود انحصاری ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کسی بھی قوم کی اصل طاقت اس کے عوام کے کردار، آزادانہ سوچ اور ثابت قدمی میں مضمر ہوتی ہے،آئیے، ان کے افکار و نظریات کو عملی جامہ پہنا کر اور ایک ترقی پسند، پُرامن اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرتے ہوئے ان کے ورثے کو خراجِ تحسین پیش کریں۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



