اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):فرائض کی انجام دہی کے دوران صحافیوں کے قتل جیسے سنگین مسئلہ پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کیلئے ہر سال 2 نومبر کو صحافیوں کے خلاف جرائم کے استثنیٰ کے خاتمہ کا دن منایا گیا۔ واضح رہے کہ صحافتی تنظیموں اور دیگر اداروں کی کوششوں کے نتیجہ میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 18 دسمبر 2013 کو منظور کردہ قرارداد میں 2 نومبر کو صحافیوں کے خلاف جرائم کے استثنیٰ کے خاتمہ کا عالمی دن قرار دیا اور پہلی مرتبہ 2014 میں یہ دن منایا گیا جس کے بعد ہر سال دنیا بھر میں یہ دن منایا جاتا ہے۔
رپورٹرز ود آئوٹ بارڈرز کی 2025 کی رپورٹ کے مطابق صحافیوں کیلئے آزادانہ، محفوظ اور بہتر پیشہ وارانہ ماحول فراہم کرنے والے بہترین 10ممالک میں ناروے، ایستونیا، نیدرلینڈ، سویڈن، فن لینڈ، ڈنمارک، آئرلینڈ، پرتگال، سوئٹزرلینڈ اور چیکیا شامل ہیں۔
اس فہرست میں ناروے پہلے نمبر پر آتا ہے۔ صحافیوں کے خلاف جرائم کے استثنیٰ کے خاتمہ کا 2 نومبر کو منایا جانے والا دن ایک ایسے معاشرہ کی تعمیر کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے کہ جہاں صحافی خبر دیتے ہوئے اپنی جان کے حوالہ سے خوفزدہ نہ ہو اور سچ سامنے لانے والا تنہا نہ رہے۔
یونیسکو کے مطابق 2006 تا 2025 کے دوران دنیا بھر میں 1800 سے زیادہ صحافی قتل ہوئے، صحافیوں کے قتل کے تقریبًاسات میں سے 6 کیسز عدالتی سطح پر حل نہ ہو سکے۔صحافیوں کے خلاف جرائم کے استثنیٰ کے خاتمہ کے عالمی دن کی مناسبت سے صحافتی تنظیموں اور سماجی اداروں سمیت سرکاری اور نجی اداروں کے زیر اہتمام مختلف تقریبات میں اس حوالہ سے آگاہی فراہم کی گئی۔
بشکریہ: اے پی پی (ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان)



